پارٹی متحد ہے یا تقسیم؟ پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات پر نئی بحث چھڑ گئی

پارٹی متحد ہے یا تقسیم؟ پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات پر نئی بحث چھڑ گئی

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر شدت اختیار کر گئے ہیں، تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے اس صورتحال کو بظاہر معمول کا اختلاف قرار دے کر قابو میں رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے طلب کیے گئے ایک اہم اجلاس میں 35 سے زائد اراکین اسمبلی کی عدم شرکت نے پارٹی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس غیر معمولی غیر حاضری کو پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی گروپنگ اور عدم اعتماد کی واضح علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اتنی بڑی تعداد میں اراکین کی عدم شرکت نے نہ صرف تنظیمی ڈھانچے بلکہ پارلیمانی پارٹی کے اندر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ بعض ذرائع کے مطابق اختلافات محض تنظیمی نہیں بلکہ اہم پالیسی فیصلوں، مشاورت کے فقدان اور اختیارات کی تقسیم پر بھی ہیں، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی میں گروپنگ،اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے،قیادت کا ایکشن، 6 رکنی جائزہ کمیٹی بنا دی

اگرچہ پارٹی قیادت اس معاملے کو معمول کے اختلافات قرار دے کر سلجھانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اختلافات کی نوعیت اس قدر گہری ہو چکی ہے کہ ان کا فوری حل مشکل دکھائی دیتا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق موجودہ صورتحال پارٹی کے اندر اعتماد کے بحران کی نشاندہی کر رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا یا پارٹی کے اندر کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں، اور تمام ارکان بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان کو اختلاف رائے کا حق حاصل ہے، تاہم تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ اجلاس میں وہی ارکان غیر حاضر تھے جو بیرون ملک تھے، اور پارٹی میں کسی قسم کی تقسیم یا فارورڈ بلاک کی باتیں درست نہیں۔

تاہم پارٹی کے اندرونی ذرائع اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق مختلف ہیں اور حالیہ اجلاس میں غیر معمولی عدم شرکت نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے اندر گروپنگ موجود ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کس بات پر جھگڑا ہوا؟ اراکین کیوں آپس میں الجھے،اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگی

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی اندرونی کشیدگی مستقبل میں صوبائی حکومت کے فیصلوں اور پارٹی نظم و ضبط پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، جبکہ قیادت کی کوشش ہے کہ اس بحران کو میڈیا میں زیادہ ابھارنے کے بجائے اندرونی سطح پر حل کیا جائے۔

editor

Related Articles