پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک حیران کن اور پریشان کن واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں ایک ایسے اسٹاکر کا سامنا کرنا پڑا جس نے ان کی نجی زندگی کو شدید متاثر کیا اور ان کے اعتماد کو بری طرح مجروح کر دیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم ایک شخص طویل عرصے تک ان کا تعاقب کرتا رہا۔ اداکارہ کے مطابق سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ تھی کہ اس شخص نے ان کے گھر کے بعض ملازمین کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔
کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا کہ ان کے گھر میں کئی ملازمین گزشتہ سات برس سے کام کر رہے تھے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ خفیہ طور پر گھر کے مختلف حصوں اور ان کی نجی زندگی سے متعلق تصاویر بنا کر مذکورہ شخص کو بھیج رہے تھے۔
اداکارہ کے مطابق ان تصاویر میں گھر کے اندرونی مناظر، ذاتی استعمال کی اشیا اور یہاں تک کہ ان کی ادویات تک شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں اس حقیقت کا علم ہوا تو وہ شدید صدمے میں چلی گئیں کیونکہ جن لوگوں پر وہ برسوں سے اعتماد کر رہی تھیں، وہی ان کی نجی معلومات دوسروں تک پہنچا رہے تھے۔
کنزہ ہاشمی نے ایک اور ناخوشگوار واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک جنونی مداح ان کے شوٹنگ سیٹ تک بھی پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں وہ ان کے گھر کے قریب بھی آ گیا، تاہم اپارٹمنٹ نمبر معلوم نہ ہونے کے باعث وہ ان تک رسائی حاصل نہیں کر سکا۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے انہیں شوٹنگ سیٹ پر موجود عملے کی مدد حاصل کرنا پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات نہ صرف ذہنی دباؤ اور خوف کا سبب بنتے ہیں بلکہ متاثرہ شخص کی روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
کنزہ ہاشمی کے مطابق ان تجربات نے ان کی سوچ اور رویے پر گہرا اثر ڈالا ہے اور اب وہ پہلے کی طرح آسانی سے کسی پر اعتماد نہیں کر پاتیں۔اداکارہ کے ان انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کی سیکیورٹی، پرائیویسی اور اسٹاکنگ جیسے سنگین مسائل پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔