دکانیں اور مارکیٹس بند کرنے کے اوقات کار تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

دکانیں اور مارکیٹس بند کرنے کے اوقات کار تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر کے تاجروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے مارکیٹس، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز کے لیے نئے اوقات کار جاری کر دیے ہیں جس کے تحت کاروباری طبقے کو مزید ایک گھنٹے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔

بچت مہم کے تحت جاری کیے گئے نئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز، تقریبات کے لیے مختص کمرشل علاقے اور عمارتیں رات 10 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔

چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس، سینما گھروں، فوڈ آؤٹ لیٹس، سبزی اور پھل فروشوں کو رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم فارمیسیوں، لیبارٹریوں، جمنازیم، پیٹرول پمپس، اسپتالوں، کلینکس اور دودھ کی دکانوں کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی گزشتہ روز بازاروں اور دکانوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت سے رابطے میں رہتے ہوئے ان ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے پہلے خلا باز مشن کے لیے 1.29 ارب روپے مختص

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز رات 11 بجے تک کاروبار کر سکیں گے۔ ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز کو ان اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

فیصلے کے مطابق شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ فارمیسیوں، اسپتالوں، پیٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق اداروں کو بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔

Related Articles