عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر آخر کارسہیل آفریدی نے بڑا قدم اٹھالیا

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر آخر کارسہیل آفریدی نے بڑا قدم اٹھالیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ صوبے میں حکومتی امور اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ذمہ دار ہیں، جبکہ صوبائی معاملات کے لیے رہنمائی اور اہم فیصلوں پر مشاورت ضروری ہے، جس کے لیے عمران خان سے ملاقات ناگزیر ہے۔

درخواست گزاروں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل اور دیگر انتظامی امور پر ہدایات لینے کے لیے بانی سے مشاورت ضروری ہے، تاہم اس سے قبل متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام سے ملاقات کے انتظامات کی درخواست کی گئی تھی۔

درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا کہ جب اجازت کے لیے دی گئی درخواستوں پر کوئی کارروائی نہ ہوئی تو عدالت سے رجوع کیا گیا، اور اس سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے جس پر تاحال سماعت نہیں ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان، بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط

مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2026تا2027 کے بجٹ کی تیاری ایک اہم انتظامی معاملہ ہے، جس کے لیے بانی سے رہنمائی لینا ضروری ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ صوبے کے عوام نے اپنے نمائندے بانی کے نظریاتی وژن کے تحت منتخب کیے ہیں، اس لیے حکومتی امور اور بجٹ سازی کے لیے مشاورت عوامی مفاد اور بہتر حکمرانی کے لیے ضروری ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ آئینی، قانونی اور انسانی بنیادوں پر عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور متعلقہ اداروں کو اس ملاقات کے انتظامات کا حکم دیا جائے تاکہ صوبائی امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔

editor

Related Articles