پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے بندرگاہوں، موٹرویز، رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں میں متعدد اہم معاہدے طے پا گئے ہیں۔ ان معاہدوں کو دونوں برادر ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل کی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز اور پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین فواد مختار نے کی، جبکہ سعودی وفد کی قیادت سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بندرگاہوں اور موٹرویز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں کراچی۔حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کے لیے بھی معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے ملکی مواصلاتی نظام اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق ملک، علی پرویز ملک اور مشیر نجکاری محمد علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ توانائی، پیٹرولیم، معدنیات، ٹرانسمیشن لائنز اور اسمارٹ میٹرنگ سمیت مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شخصیات کی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ سرکاری سطح پر بھی اہم مشاورتی نشستیں منعقد ہوئیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ان معاہدوں سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمٰن نے سعودی سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں دلچسپی پر ان کا خیرمقدم کیا۔