ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کی لہر کے بعد ایک بار پھر بارشوں کی نوید سنا دی گئی ہے نیشنل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 11 جون سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جس کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 11 سے 12 جون کے دوران اسلام آباد خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 7 سے 12 جون کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی 11 سے 12 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے 7 تا 12 جون کے دوران موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 7 سے 10 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم متوقع ہے، جبکہ لاڑکانہ، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بھی شدید گرمی برقرار رہ سکتی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، بالائی کوہستان اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔