حکومت اور پیپلزپارٹی کے مذاکرات میں بڑا بریک تھرو، بجٹ کی منظوری کے لیے گرین سگنل

حکومت اور پیپلزپارٹی کے مذاکرات میں بڑا بریک تھرو، بجٹ کی منظوری کے لیے گرین سگنل

حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری بجٹ مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان بیشتر بجٹ تجاویز پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، جبکہ وسائل اور معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھنے اور کچھ نکات پر لچک دکھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، بعض قابل عمل تجاویز پر تکنیکی کمیٹیاں مزید مشاورت جاری رکھیں گی۔

مذاکرات کے دوران پیپلزپارٹی نے بجٹ منظور کرانے کے عمل میں تعاون کا عندیہ دیا ہے، جسے سیاسی حلقے اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان وفاقی بجٹ سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) سے بڑا مطالبہ کر دیا

اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور وزارت خزانہ کے حکام بھی موجود تھے، جبکہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور بجٹ کمیٹی کے ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کی بھی اس ملاقات میں موجودگی بتائی گئی ہے۔

ملاقات کے دوران سیاسی ماحول خوشگوار رہا اور مختلف نکات پر مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی، اسی دوران وزیراعظم نے گلگت بلتستان انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد بھی دی۔

غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی انداز کو سراہتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہتر انتخابی مہم چلائی، جس پر خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا اور آصف زرداری نے کہا کہ آخر بیٹا کس کا ہے ۔

editor

Related Articles