نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے شہریوں کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی ہے،اس اقدام کے تحت اب بلوچستان میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی منتقلی کا عمل مزید آسان اور محفوظ ہو جائے گا۔
نادرا نے پاک آئی ڈی (PakID) موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.6.8 جاری کر دیا ہے، جس میں حکومتِ بلوچستان کے اشتراک سے بلوچستان رجسٹرڈ گاڑیوں کے ڈیجیٹل رجسٹریشن کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ملکیت کی منتقلی (Vehicle Transfer) کی سہولت شامل کی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق شہری اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران بائیومیٹرک تصدیق کر سکیں گے، جبکہ بلوچستان میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے ڈیجیٹل کارڈ بھی موبائل پر دستیاب ہوں گے، اس سہولت کا مقصد گاڑیوں کی منتقلی کے عمل کو تیز، شفاف اور محفوظ بنانا ہے۔
نادرا جو ملک اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات فراہم کرنے والا واحد مجاز ادارہ ہے، اب شناخت کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی مختلف سرکاری خدمات کو بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کر رہا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔
نادرا نے صارفین سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ PakID ایپ کے آئندہ ورژنز میں شامل کی جانے والی نئی سہولیات کے حوالے سے اپنی آراء اور تجاویز بھی شیئر کریں۔