ایم پی اے کرنل (ر) ایوب گادھی پرحملہ کرنیوالے 3 مرکزی ملزمان سی سی ڈی سے مقابلے میں ہلاک،2 گرفتار

ایم پی اے کرنل (ر) ایوب گادھی پرحملہ کرنیوالے 3 مرکزی ملزمان سی سی ڈی سے مقابلے میں ہلاک،2 گرفتار

ایم پی اے کرنل (ر) ایوب خان گادھی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے 3 مرکزی ملزمان سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

چند روز قبل ملزمان نے ایم پی اے ایوب گادھی کے ڈیرے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے، اس حملے میں ڈیرے پر موجود 4 شہری بھی جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔

سی سی ڈی ٹوبہ ٹیک سنگھ نے خفیہ اطلاع پر ملزمان کی موجودگی کے بارے میں معلومات حاصل ہونے پر تھانہ رجانہ کی حدود میں کارروائی کی، پولیس ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔

جیسے ہی پولیس اور سی سی ڈی اہلکاروں نے کارروائی شروع کی تو ملزمان نے فورسز کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی اور دونوں طرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی میں سیکیورٹی اداروں کا بڑا کریک ڈاؤن، گینگ وار کمانڈر مہراج ہلاک، لیاقت آباد اور درخشاں میں اہم گرفتاریاں

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 3 مرکزی ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا گرفتار ہونے والے ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جس میں جدید ہتھیار اور دیگر سامان شامل بتایا جاتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کو جلد از جلد بے نقاب کیا جا سکے۔

editor

Related Articles