قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس کل دن ساڑھے گیارہ بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت وزیرِاعظم شہباز شریف کریں گے۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ترقیاتی فنڈز کی تقسیم، آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام اور مجموعی معاشی اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، قومی اقتصادی کونسل کی جانب سے نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور اقتصادی ترجیحات کی منظوری بھی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ کا مجموعی حجم 4 ہزار 715 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، اس میں وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 1 ہزار 126 ارب روپے جبکہ صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ہزار 138 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں 200 ارب روپے تک اضافے کا امکان بھی زیر غور ہے، جس پر حتمی فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا۔