عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گرگئیں، پیٹرول کی قیمت فوری 225 روپے کی جائے، حافظ نعیم الرحمان

عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گرگئیں، پیٹرول کی قیمت فوری 225 روپے کی جائے، حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت میں حکومت پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں جس کا ریلیف اب پاکستانی عوام کو بھی ملنا چاہیے، پیٹرول کی قیمت 225 روپے پر فکس کر دینی چاہیے۔

جمعرات کو لاہور میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے ملک میں پیٹرول کی قیمتیں فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر پر فکس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچنا چاہیے۔ موجودہ مہنگائی نے غریب اور سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہےاور جب تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہیں کی جائے گی، تب تک اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنا ناممکن ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو فوری ریلیف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی ملک گیر عوامی احتجاجی مہم شروع کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔

علاقائی صورتحال اور بیرونی پالیسیاں

عالمی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا دنیا بھر اور بالخصوص اس خطے میں اپنے سٹریٹجک اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے لے کر مشرقِ وسطیٰ تک امریکی پالیسیوں کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آئے بلکہ اس سے صرف عدم استحکام پیدا ہوا ہے۔

اسرائیل کے حوالے سے جماعت اسلامی کے مستقل مؤقف کو دہراتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل ایک ناجائز اور غاصب ریاست ہے اور فلسطینیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔

4 ملکی دفاعی بلاک کی تجویز

دفاعی اور سفارتی معاملات پر ایک نئی اور اہم تجویز سامنے لاتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو صرف یکطرفہ یا محدود سفارت کاری تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون کے معاہدے کا دائرہ کار وسیع کیا جائے اور اس میں ترکیہ اور ایران کو بھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان چاروں بڑے مسلم ممالک کے اشتراک سے خطے میں ایک مضبوط اور مشترکہ دفاعی ڈھانچہ قائم ہو سکتا ہے، جو مسلم امہ کے مفادات کا تحفظ کرنے اور بیرونی مداخلت کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ایران امریکا ممکنہ معاہدہ اور پاکستان کا کردار

ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے ممکنہ سفارتی معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے اسے خطے کے امن اور معیشت کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند کوشش قرار دیا۔

مزید پڑھیں:دُنیا مان چکی، ظلم نہیں، عدل وانصاف کا نظام قائم ہو کر رہےگا، حافظ نعیم الرحمان کا ’بدل دو نظام‘ اجتماع عام سے اختتامی خطاب

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے پسِ پردہ اس معاملے میں انتہائی تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے خلیجی ریاستوں کے ساتھ مل کر بھی خطے میں پائیدار امن، سفارتی استحکام اور تجارتی راہداریوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھی ہیں، جن کی تائید کی جانی چاہیے۔

جماعت اسلامی کی عوامی و سفارتی سیاست

جماعت اسلامی طویل عرصے سے پاکستان میں مہنگائی اور بجلی و پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف ‘حق دو عوام کو’ تحریک چلا رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کے امیر بننے کے بعد سے پارٹی نے عوامی مسائل بالخصوص تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کے حقوق پر زیادہ جارحانہ انداز اپنایا ہے۔

پیٹرول کو 225 روپے پر فکس کرنے کا مطالبہ اسی عوامی ایجنڈے کا تسلسل ہے۔ دوسری طرف، جماعت اسلامی روایتی طور پر امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مسلم ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی بلاک کی داعی رہی ہے، اسی لیے ترکیہ، ایران اور سعودی عرب کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی وکالت کی جا رہی ہے۔

Related Articles