پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر کے موبائل صارفین کے لیے اہم عوامی آگاہی پیغام جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سموں کا استعمال غیر قانونی اور ممنوع ہےجو شہریوں کو مالی، قانونی اور سائبر سکیورٹی کے سنگین خطرات سے دوچار کر سکتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بعض افراد غیر ملکی نیٹ ورکس کی سمیں استعمال کرتے ہیں، تاہم ایسی سموں کے ذریعے کی جانے والی کالز اور پیغامات صارفین کی ذاتی اور مالی معلومات کے تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان سموں کے استعمال سے حساس معلومات چوری ہونے، ڈیٹا ہیکنگ اور مالیاتی دھوکا دہی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر جاری اپنے پیغام میں پی ٹی اے نے واضح کیا کہ غیر ملکی سموں کے ذریعے ہونے والے رابطے سائبر جرائم اور مالیاتی فراڈ کا سبب بن سکتے ہیں،اسی لیے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ یا غیر ملکی نیٹ ورک کی سم کو اپنے موبائل فون میں فعال کرنے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ممنوعہ سموں کے استعمال کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے قانونی کارروائی بھی کر سکتے ہیں، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اتھارٹی نےڈیجیٹل دنیا میں محفوظ قدم کے پیغام کے تحت شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ذاتی اور مالیاتی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صرف پاکستان میں منظور شدہ اور تصدیق شدہ موبائل نیٹ ورکس کی سمیں استعمال کریں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ عوامی آگاہی اور احتیاط ہی سائبر جرائم، مالیاتی نقصانات اور قانونی پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے کا مؤثر ذریعہ ہے، لہٰذا صارفین غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ سموں کے استعمال سے مکمل اجتناب کریں۔