پین بم کا ڈرامہ بے نقاب! تحقیقات میں اصل کہانی سامنے آگئی

پین بم کا ڈرامہ بے نقاب! تحقیقات میں اصل کہانی سامنے آگئی

کراچی میں مبینہ ’’پین دھماکے‘‘ کے واقعے کی حقیقت سامنے آنے کے بعد پولیس نے زخمی ہونے کا دعویٰ کرنے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ نوجوان کسی پین نما دھماکا خیز آلے کا شکار نہیں ہوا بلکہ سالگرہ کی تقریب کے لیے لایا گیا پٹاخہ اس کے ہاتھ میں پھٹ گیا تھا۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی مشترکہ تحقیقات کے مطابق واقعے کے بعد سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں اسے ’’پین بم دھماکہ‘‘ قرار دیا جا رہا تھا تاہم تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد نے معاملے کی اصل حقیقت واضح کر دی۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی نوجوان عبدالسمیع نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اسے سڑک کنارے ایک چمکتی ہوئی پین نما مشتبہ چیز ملی تھی جو ہاتھ میں اٹھانے اور دبانے پر دھماکے سے پھٹ گئی۔ اس بیان کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔

 یہ بھی پڑھیں :چیٹ جی پی ٹی سے تیار کردہ ائیر کموڈور سے متعلق فیک نیوز الرٹ کی حقیقت بے نقاب

تحقیقاتی عمل کے دوران عبدالسمیع نے اعتراف کیا کہ وہ کسی پین بم کا شکار نہیں ہوا تھا بلکہ اپنے کزن کی سالگرہ کی تقریب کے لیے خریدا گیا پٹاخہ چلاتے ہوئے زخمی ہوا۔ ذرائع کے مطابق پٹاخہ اچانک اس کے ہاتھ میں پھٹ گیا جس سے ہاتھ پر گہرے زخم آئے اور ایک انگلی بھی متاثر ہوئی۔

تحقیقاتی ٹیم نے واقعے کی ایک اہم ویڈیو بھی حاصل کر لی ہے جو زخمی نوجوان کے کزن کے موبائل فون سے ریکارڈ کی گئی تھی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عبدالسمیع کے ہاتھ میں پٹاخہ پھٹتا ہے جس کے بعد زخمی ہونے کا واقعہ پیش آتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی جانب سے اداروں کو غلط معلومات فراہم کرنے اور جھوٹا بیان دینے کے الزام میں تھانہ کھوکھراپار میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ عبدالسمیع کو حفاظتی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ماڈل کالونی کے قریب پیش آنے والے اس واقعے نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی تھی اور اسے مبینہ طور پر ’’پین بم‘‘ سے جوڑا جا رہا تھا، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حکام نے واضح کر دیا ہے کہ واقعہ کسی دہشت گردی یا دھماکا خیز آلے کا نہیں بلکہ پٹاخے کے حادثاتی طور پر پھٹنے کا نتیجہ تھا۔

editor

Related Articles