اسرائیل امن معاہدے کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے،خواجہ آصف

اسرائیل امن معاہدے کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کیونکہ اس معاہدے کی کامیابی سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے اور امن کے امکانات بڑھنے کی توقع ہے۔

خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے خود یا بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اسے بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اپنی قومی سلامتی اور دفاع کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی خطرے کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان کی بڑھتی ہوئی عزت سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، خواجہ آصف

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور افغانستان میں موجود بعض عناصر کے پاکستان مخالف عزائم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم پاکستان ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ فلسطینی عوام نے اپنی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور انہیں ان قربانیوں کا صلہ ضرور ملے گا جبکہ دنیا بھر میں بہت سے یہودی بھی اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بیرونی حمایت کے شواہد موجود ہیں اور بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گرد عناصر کو اسلحہ اور معاونت فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ امن اور معاشی استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر کی مہاجرین نشستوں کا معاملہ ، خواجہ آصف کا بڑا بیان سامنے آگیا

آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کا تسلسل ضروری ہے اور انتخابات ہر صورت منعقد ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا ہی جمہوری راستہ ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

editor

Related Articles