بھارت کے معروف پنجابی گلوکار اور اداکار گپی گریوال نے پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے معروف کامیڈین سہیل احمد کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
گپی گریوال ان دنوں اپنی نئی پنجابی فلم کیری آن جٹا 4 کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ اسی سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ اپنے تعلقات اور ماضی کے تجربات پر بھی بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کامیڈین ناصر چنیوٹی ان کے قریبی دوست ہیں، جبکہ افتخار ٹھاکر کو انہوں نے ایک باصلاحیت اور شاندار اداکار قرار دیا۔گپی گریوال کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں موقع ملا تو وہ پاکستان کے معروف کامیڈین سہیل احمد کے ساتھ بھی ضرور کام کرنا چاہیں گے، کیونکہ وہ ان کی اداکاری اور مزاحیہ صلاحیتوں کے معترف ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ماضی میں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ پاکستان میں ایک پنجابی فلم کی شوٹنگ کریں گے، تاہم اس وقت کے حالات کے باعث یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔گپی گریوال کے اس بیان کو دونوں ممالک کے فنکاروں کے درمیان ثقافتی روابط اور فن کے ذریعے باہمی تعاون کی خواہش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔