پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار اور اسٹیج کے ممتاز فنکار اللہ رکھا پیپسی انتقال کرگئے

پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار اور اسٹیج کے ممتاز فنکار اللہ رکھا پیپسی انتقال کرگئے

پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار اور اسٹیج کے ممتاز فنکار اللہ رکھا پیپسی50برس کی عمر میں انتقال کر گئے،اہل خانہ کے مطابق انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی شوبز کی دنیا اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اللہ رکھا پیپسی نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز، برجستہ جملوں اور جاندار اداکاری کے باعث اسٹیج کی دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ اپنی فی البدیہہ گفتگو اور حاضر جوابی کی وجہ سے ناظرین میں بے حد مقبول تھے۔ ان کے اسٹیج پروگراموں میں بڑی تعداد میں شائقین شریک ہوتے تھے اور وہ اپنے مخصوص انداز سے محفل کو زعفران زار بنا دیتے تھے۔

انہوں نے متعدد اسٹیج ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے جنہیں آج بھی شائقین یاد کرتے ہیں۔ ان کی اداکاری میں فطری مزاح اور سادگی نمایاں تھی جس کی وجہ سے ہر عمر کے لوگ ان کے فن کے معترف تھے وہ نہ صرف اسٹیج بلکہ مختلف تفریحی پروگراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے رہے جہاں ان کی مزاحیہ اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :اسٹیج، فلم اور ڈراما کا درخشاں چراغ بجھ گیا، عہد ساز اداکار طویل علالت کے بعد دنیا سے رخصت

یاد رہے کہ یہ وہی فنکار ہیں جن کو مسلم لیگ ن کے جلسے میں شرکت کرنے پر تحریک انصاف کی طرف سے شدید تنقید کا  نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کی ذات پر بلا جواز کیچڑ اچھالا گیا تھا،اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کو کچھ عرصے سے طبی مسائل کا سامنا تھا تاہم اچانک دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کے انتقال کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا اور عزیز و اقارب شدید غم کی حالت میں ہیں۔

شوبز سے وابستہ فنکاروں، ہدایت کاروں اور مختلف حلقوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ فنکار برادری کا کہنا ہے کہ اللہ رکھا پیپسی کی کمی عرصہ دراز تک محسوس کی جائے گی کیونکہ انہوں نے مزاحیہ فن کو ایک نئی پہچان دی۔

editor

Related Articles