معروف بھارتی فلم ساز بونی کپور کی بیٹی اور اداکار ارجن کپور کی بہن انشولا کپور رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔ انہوں نے روہن ٹھکر کے ساتھ ممبئی میں سادگی سے شادی کی، جس میں قریبی اہل خانہ اور دوستوں نے شرکت کی۔
انشولا کپور نے شادی کے بعد اپنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے شوہر روہن ٹھکر کے نام ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔ انہوں نے کہا کہ’’6 جولائی 2026 اتنے لوگوں، اتنی جگہوں اور اتنے وقتوں کے بعد بھی منزل تم ہی تھے۔ ہر موڑ، ہر حیرت اور ہر سفر کے بعد تم ہی میری پسندیدہ گفتگو، میری محفوظ پناہ گاہ اور میری سب سے آسان پسند ہو۔‘‘
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں انشولا اور روہن کو شادی کی رسومات خوشگوار ماحول میں ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تقریب میں انشولا کی بہنیں جھانوی کپور اور خوشی کپور بھی شریک ہوئیں اور مختلف رسومات میں بھرپور انداز سے حصہ لیا۔
شادی کی تقریب کا ایک جذباتی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب منڈپ کے قریب انشولا کی مرحوم والدہ مونا کپور کی تصویر رکھی گئی، جس نے تقریب میں موجود اہل خانہ اور مہمانوں کو جذباتی کر دیا۔
ایک تصویر میں جھانوی کپور اور خوشی کپور کو دولہا اور دلہن کے دونوں جانب کھڑے دیکھا گیا، جہاں وہ سندور کی رسم کو قریب سے دیکھتی رہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں انشولا کپور اور روہن ٹھکر کو اہل خانہ کی موجودگی میں روایتی پھیرے لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد دونوں نے اپنی شادی کی قانونی رجسٹریشن بھی مکمل کر لی۔
شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں مداح اور شوبز شخصیات نوبیاہتا جوڑے کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔