وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں ہونیوالی اس ملاقات کے دوران مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پولیس افسران کی ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرامز کو بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے سائبر کرائمز اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر ایران امریکہ تنازع اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے امن کے قیام کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کو باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے
واضح رہے کہ محسن نقوی اس دوران متعدد اہم رہنماؤں اور وزرائے داخلہ سے ملاقاتیں کر چکے ہیں ، ان ملاقاتوں کا مقصد دہشت گردی کے خلاف تعاون، سرحدی سلامتی، انسدادِ منشیات، غیر قانونی انسانی اسمگلنگ، سائبر سیکیورٹی اور پولیس تعاون کو فروغ دینا ہے۔
محسن نقوی نے مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ اور سیکیورٹی حکام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ تربیتی پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون، علاقائی امن اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔