حکومت ازاد کشمیر نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری اور رینجرز کے مزید دستے طلب کر لیے

حکومت ازاد کشمیر نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری اور رینجرز کے مزید دستے طلب کر لیے

آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے وفاقی وزارتِ داخلہ سے فوری طور پر اضافی سیکیورٹی نفری فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں وفاقی کانسٹیبلری کے 4 ہزار اہلکاروں اور پاکستان رینجرز کے 7 ونگز کی فوری تعیناتی کی استدعا کی گئی ہے۔

سرکاری مراسلے کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی سے منسوب پرتشدد سرگرمیوں کے باعث ریاست بھر میں امن و امان کو سنگین خطرات لاحق ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے دوران حالات کشیدہ ہونے کے باعث حکومتی رٹ اور عوامی سلامتی کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پونچھ اور راولاکوٹ میں مسلسل دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ مظفرآباد اور میرپور میں بھی امن و امان خراب کرنے کی منظم کوششوں کی اطلاعات ہیں، جن سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں پھوٹ پڑ گئی، عمر نظیر نے سردار امان اور دیگر کے بیانات کو پالیسی کے خلاف قرار دے دیا

حکومت آزاد کشمیر نے مراسلے میں دعویٰ کیا ہے کہ بعض مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید جبکہ 174 اہلکار زخمی ہوئے۔ مراسلے کے مطابق پرتشدد واقعات کے دوران ضروری اشیائے خور و نوش لے جانے والی گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کیا گیا، جس سے سپلائی کا نظام متاثر ہوا اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حکومت نے وفاقی وزارتِ داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں امن و امان کی بحالی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری فوری طور پر فراہم کی جائے۔ مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ طلب کی گئی نفری کے 50 فیصد اہلکاروں کو اسلحہ اور گولہ بارود سے لیس کیا جائے جبکہ باقی 50 فیصد اہلکاروں کو ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے ضروری حفاظتی اور انسدادِ ہجوم سازوسامان فراہم کیا جائے۔

حکومت آزاد کشمیر نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ صورتحال کی حساسیت کے پیش نظر اضافی نفری اور مطلوبہ سازوسامان کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس مراسلے کی نقول چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

editor

Related Articles