حکومت پاکستان نے ایران اور عراق کے مقدس مقامات کی زیارت پر جانے والے زائرین کے لیے نیا آن لائن رجسٹریشن نظام متعارف کرا دیا ہے جس کا مقصد زیارتی سفر کو مزید محفوظ، منظم اور شفاف بنانا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے اس سلسلے میں زیارت گروپ آرگنائزرز (زی جی اوز) پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت صرف رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز ہی زائرین کی بکنگ اور سفری انتظامات کر سکیں گے جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد یا کمپنیاں یہ خدمات فراہم نہیں کر سکیں گی۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زیارت پالیسی 2026 کے تحت ملک بھر میں 262 زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ ایران اور عراق جانے والے تمام زائرین کی بکنگ انہی منظور شدہ آرگنائزرز کے ذریعے کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کی مکمل فہرست وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں سے زائرین اپنی سہولت کے مطابق مستند آرگنائزر کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی بکنگ کروائیں اور کسی غیر مجاز فرد یا غیر رجسٹرڈ کمپنی سے لین دین سے گریز کریں کیونکہ ایسی صورت میں ہونے والے کسی بھی مالی نقصان یا دھوکہ دہی کی ذمہ داری وزارت پر عائد نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ حکومت نے زیارت پالیسی 2026 کے تحت ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرایا ہے تاکہ غیر قانونی آپریٹرز کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور زائرین کو محفوظ، منظم اور شفاف سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔