وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پاکستان ایک مقامی اوور دی ٹاپ اسٹریمنگ پلیٹ فارم تیار کر رہی ہے، جس کا مقصد پاکستانی فلموں، ڈراموں اور دیگر تخلیقی مواد کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانا ہے۔
احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ حکومت اس منصوبے پر کام کر رہی ہے، جبکہ پاکستانی مواد کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے نیٹ فلکس سمیت دیگر بڑے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے بھی مذاکرات جاری ہیں۔
وزیر نے دیگر پلیٹ فارمز کے نام ظاہر نہیں کیے، تاہم عالمی سطح پر معروف او ٹی ٹی سروسز میں ایمیزون پرائم ویڈیو، ڈزنی پلس، ایپل ٹی وی پلس اور میکس شامل ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مجوزہ پاکستانی اسٹریمنگ پلیٹ فارم کا مقصد مقامی مواد کو عالمی ناظرین تک پہنچانا ہوگا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس پر صرف پاکستانی مواد دستیاب ہوگا یا بین الاقوامی فلمیں اور سیریز بھی شامل کی جائیں گی۔
اسی طرح حکومت کی جانب سے یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ پلیٹ فارم پر فلمیں، ٹی وی ڈرامے، ویب سیریز، گیم شوز، ٹاک شوز یا دیگر اقسام کا کون سا مواد پیش کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے نام، لانچ کی تاریخ اور سبسکرپشن فیس سے متعلق بھی تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ پلیٹ فارم نیٹ فلکس اور دیگر عالمی اسٹریمنگ سروسز کے مقابلے میں کم قیمت پر معیاری مقامی مواد فراہم کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ پاکستان کی ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔