تمل ناڈو حکومت کا بڑا اعلان، مستحق خاندانوں کو سالانہ 3 مفت ایل پی جی سلنڈر ملیں گے

تمل ناڈو حکومت کا بڑا اعلان، مستحق خاندانوں کو سالانہ 3 مفت ایل پی جی سلنڈر ملیں گے

تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے اسمبلی سیشن 2026 کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم اعلانات کیے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ مستحق خاندانوں کو ہر سال تین مفت ایل پی جی سلنڈر فراہم کیے جائیں گے، جس کا باقاعدہ آغاز جلد ہوگا۔

اسمبلی میں رول 110 کے تحت خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ وجے نے بتایا کہ نئی اسکیم ’انپورنانی سپر سکس‘ کے تحت سالانہ 2.5 لاکھ بھارتی روپے سے کم آمدنی رکھنے والے خاندانوں کو ہر سال تین ایل پی جی سلنڈر مفت فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت نے اس منصوبے کے لیے 4 ہزار کروڑ بھارتی روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اندازے کے مطابق ایک کروڑ 38 لاکھ 16 ہزار 104 خاندان اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

کن خاندانوں کو فائدہ ہوگا؟

اسکیم میں معاشی طور پر کمزور گھرانے، چھوٹے اور معمولی درجے کے کسان جبکہ سالانہ 2.5 لاکھ روپے تک آمدنی رکھنے والے معذور افراد کے خاندان بھی شامل ہوں گے۔

رقم براہِ راست اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی

وزیراعلیٰ وجے کے مطابق مستحق افراد ایل پی جی سلنڈر کے لیے رجسٹریشن کرائیں گے، جس کے بعد متعلقہ آئل کمپنیوں سے حاصل ہونے والی فہرست کی بنیاد پر سلنڈر کی قیمت براہِ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی،مفت کھانا پکانے کے سلنڈر فراہم کرنا وجے کی جماعت ٹی وی کے کے اہم انتخابی وعدوں میں شامل تھا۔

خواتین کے لیے مفت بس سفر میں توسیع

وزیراعلیٰ نے ویٹری پنایانا تھٹم کے تحت خواتین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت میں توسیع کا بھی اعلان کیا،نئی سہولت 2 اکتوبر سے نافذ ہوگی اور اس کے لیے نہ آمدنی کی کوئی شرط رکھی گئی ہے اور نہ ہی سفر کی تعداد محدود ہوگی۔

ابتدائی طور پر خواتین شہری علاقوں میں چلنے والی ایکسپریس، ایل ایس ایس اور ڈیلکس سرکاری بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی، بین الاضلاعی سفر کے لیے عام کرائے والی مضافاتی اور پہاڑی علاقوں کی سرکاری بسوں میں بھی خواتین کو مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔

ٹرانس جینڈر افراد بھی مستحق

حکومت کے مطابق ٹرانس جینڈر افراد بھی مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اس منصوبے پر سالانہ تقریباً 6 ہزار کروڑ بھارتی روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے،وزیراعلیٰ وجے نے پرندور میں نئے ایئرپورٹ کی تعمیر کے منصوبے کو منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

تمل ناڈو اسمبلی میں گرانٹس کے مطالبات پر بحث 17 اگست سے جاری تھی، جبکہ دو روزہ وقفے کے بعد 24 اگست کو ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی، اسی دوران وزیراعلیٰ وجے نے رول 110 کے تحت یہ اہم اعلانات کیے۔

editor

Related Articles