معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے چوتھے میوزک البم ’صبح آئے نا‘ کی ریلیز سے قبل عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی نے ان کی2دہائیوں پر محیط موسیقی کے سفر سے متعلق متاثر کن اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
عاطف اسلم کا نیا البم 31 جولائی 2026 کو ریلیز ہوگا۔ یہ ان کا 2008 میں ریلیز ہونے والے البم ’میری کہانی‘ کے بعد پہلا مکمل میوزک البم ہے۔اسپاٹیفائی کے مطابق عاطف اسلم کی موسیقی کو ہر ماہ تقریباً 8 ارب اسٹریمز حاصل ہوتے ہیں، جبکہ دنیا کے 184 ممالک میں 8 کروڑ سے زائد افراد ان کے گانے سنتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں عاطف اسلم کے 96 فیصد سامعین پاکستان سے باہر موجود تھے، جس سے مشرق وسطیٰ، شمالی امریکا، ایشیا پیسیفک اور یورپ میں ان کی غیر معمولی مقبولیت ظاہر ہوتی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عاطف اسلم کے 85 فیصد سامعین نئی نسل، یعنی جین زی سے تعلق رکھتے ہیں۔ گزشتہ سال 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد نئے اور پرانے صارفین نے ان کی موسیقی سنی، جبکہ ان کے گانے اسپاٹیفائی پر صارفین کی بنائی گئی 3 کروڑ 75 لاکھ سے زائد پلے لسٹس میں شامل کیے گئے۔
اپنے نئے البم ’صبح آئے نا‘ کے بارے میں عاطف اسلم کا کہنا تھا، ’’یہ البم میرے لیے دنیا کے شور و غل سے نکل کر اپنی اصل ذات سے دوبارہ جڑنے کا سفر ہے۔ میں بے حد پرجوش ہوں کہ یہ موسیقی اپنے مداحوں تک پہنچاؤں۔‘‘