نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے درخواستوں کی بروقت کارروائی اور شناختی دستاویزات کے اجرا کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق درخواست جمع کراتے وقت سب سے پہلے یہ یقینی بنایا جائے کہ موبائل فون کا انٹرنیٹ کنکشن مستحکم ہو تاکہ درخواست کے عمل کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کے لیے استعمال ہونے والا موبائل نمبر ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ اور فعال ہو، جبکہ ای میل ایڈریس بھی فعال ہونا چاہیے تاکہ ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) بروقت موصول ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق تصویر اپ لوڈ کرتے وقت روشن ماحول اور سفید بیک گراؤنڈ کا انتخاب کیا جائے، جبکہ تصویر میں درخواست گزار کا چہرہ واضح طور پر نظر آنا چاہیے تاکہ تصدیقی عمل میں آسانی ہو۔
نادرا نے مزید کہا کہ درخواست جمع کروانے سے قبل “جائزہ فارم دیکھیں” (Review Form) کے آپشن پر کلک کرکے تمام درج شدہ معلومات کا بغور جائزہ لیا جائے۔ اسی طرح متوقع شناختی کارڈ پر درج کوائف کی بھی تصدیق کی جائے، اور اگر کسی قسم کی غلطی نظر آئے تو متعلقہ فیلڈ میں جا کر اسے درست کر لیا جائے۔
نادرا کے مطابق ان ہدایات پر عمل کرنے سے درخواستوں میں غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے اور شناختی دستاویزات کے اجرا کا عمل مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔