ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور تباہ شدہ انفرااسٹرکچر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے، ایسے اقدامات کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے اور اس معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے،مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی و سفارتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون کا فروغ ایرانی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ علاقائی استحکام کے لیے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ایرانی صدر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ انفرااسٹرکچر کی بحالی اور تعمیرِ نو کے عمل کو تیز کیا جائے، جبکہ ملک کے نقل و حمل کے نظام کو مزید محفوظ، مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔