کوٹلی میں پولنگ بیگز کی برآمدگی ، رانا ثناء اللہ کا الیکشن روکنے کا مطالبہ

کوٹلی میں پولنگ بیگز کی برآمدگی ، رانا ثناء اللہ کا الیکشن روکنے کا مطالبہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں پولنگ بیگز کی مبینہ برآمدگی کے معاملے پر فوری تحقیقات اور انتخابی عمل روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ پریزائیڈنگ افسران اور ایک پٹواری مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے گھر سے پولنگ بیگز سمیت پکڑے گئےجس پر انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور چیف الیکشن کمشنر سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انکوائری مکمل ہونے تک حلقہ ایل اے 10 میں انتخاب نہ کرایا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ پولنگ بیگز امیدوار کے گھر تک کیسے پہنچے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر میں 12 سیٹوں کا معاملہ انتخابات کے بعد نئی اسمبلی میں لے جایا جائے ، رانا ثناء

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے یہ معلوم کیا جائے کہ پولنگ بیگز کہاں کہاں لے جائے گئے اور ان کے ساتھ کیا کیا گیا۔ انہوں نے پٹواری قیصر اور ثقلین سے مکمل تفتیش کا بھی مطالبہ کیا تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا اس نوعیت کی مبینہ کارروائیاں کسی اور مقام پر بھی ہوئیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ چوہدری یاسین نہ صرف اس حلقے کے امیدوار بلکہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے صدر بھی ہیں اس لیے اس واقعے نے انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے مزید دعویٰ کیا کہ سرکاری گاڑی میں تین پریزائیڈنگ افسران کو چوہدری یاسین کے قریبی ساتھی ثقلین کے ساتھ بھیجا جانا تشویشناک ہے۔ اگر شہری علاقے میں ایسا مبینہ واقعہ پیش آیا ہے تو دور دراز علاقوں کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

 یہ بھی پڑھیں :مسلح لشکر کشی سے مظفر آباد پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رانا ثناء اللہ

انہوں نے کہا کہ جب تک حقائق سامنے نہیں آتے، مسلم لیگ (ن) اس حلقے کے نتائج قبول نہیں کرے گی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں، کوآرڈینیٹرز اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر صبح پولنگ بیگز کی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا، “نواز شریف کا ہر شیر ووٹ چوروں کی نگرانی کرے گا،” اور دعویٰ کیا کہ عوام کی حمایت سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

editor

Related Articles