گڈز ٹرانسپورٹرز کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

گڈز ٹرانسپورٹرز کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

 پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے حکومتی فیصلے پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید مشکلات سے دوچار ہو رہا ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے باعث کرایوں، مال برداری کے معاہدوں اور آپریشنل اخراجات کا درست تعین ممکن نہیں رہتا جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :بڑی خوشخبری ،گڈز ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا

ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے 15 روز یا ایک ماہ کے وقفے سے کیا جائے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو سہارا دینے کے لیے ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر سرکاری محصولات میں ریلیف دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے بعد حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے معاہدے پر تاحال مکمل عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ان کے بقول، مشکلات اور مالی نقصان کے باوجود ٹرانسپورٹرز وسیع تر قومی مفاد میں اپنی گاڑیاں سڑکوں پر چلا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت سے مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو وفاقی حکومت کے مشکل فیصلوں میں تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو غور سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور ان کے بنیادی  مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

editor

Related Articles