پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یومِ شہادت آج منایا جائے گا

پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یومِ شہادت آج منایا جائے گا

پاک فوج کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے شہید کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یومِ شہادت آج ملک بھر میں قومی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، دعائیہ محافل اور خراجِ عقیدت کی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے تلپترہ سیکٹر میں دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی غیر معمولی جرأت، قربانی اور فرض شناسی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کا سب سے بڑا عسکری اعزاز نشانِ حیدر عطا کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاک افواج کا کیپٹن سرور شہید کو خراج عقیدت، قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جا ئیگا،آئی ایس پی آر 

یومِ شہادت کے موقع پر کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ پاک فوج اور سول حکام اس موقع پر شہید کی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی بہادری، حب الوطنی اور ایثار کی داستان آج بھی افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی قربانی نئی نسل میں وطن سے محبت، فرض شناسی اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دیتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :یومِ دفاع و شہدا پر قوم کا شاندار خراجِ عقیدت، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد

ملک بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات میں مقررین کیپٹن محمد سرور شہید کی عسکری خدمات، جرأت اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی بے مثال قربانی کو اجاگر کریں گے، جبکہ قوم اپنے پہلے نشانِ حیدر کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرے گی۔

editor

Related Articles