سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے باوجود راولاکوٹ میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم علاقے کو تاحال حساس قرار دیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض عناصر پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے حالات خراب کرنے اور اپنی سیاسی حیثیت بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے منسلک ایک مسلح گروہ نے سیکیورٹی فورسز کے ایک ناکے پر حملہ کیا۔ فورسز نے ابتدائی طور پر تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاہم حملے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری راولاکوٹ روانہ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاست اس مؤقف پر قائم ہے کہ تشدد، آتش زنی اور مسلح کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے انتشاری گروہوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ، سکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔