وفاقی حکومت نے تمام سول پنشنرز، دفاعی تخمینوں سے پنشن حاصل کرنے والے سویلین افراد، ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کے پنشنرز کی بنیادی (بیس لائن) پنشن میں 7 فیصد اضافہ کر دیا ہے،وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق یہ اضافہ یکم جولائی 2026ء سے نافذ العمل ہوگا۔
کن پنشنرز کو فائدہ ہوگا؟
نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق ان تمام پنشنرز پر ہوگا جن کی بیس لائن پنشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ متعلقہ ہدایات کے تحت مقرر کی گئی ہے،اس میں یکم جنوری 2025، 7 جولائی 2025 اور 5 اگست 2025 کی ہدایات کے مطابق مقرر کی گئی بیس لائن پنشن شامل ہے۔
نئے ریٹائرڈ ملازمین بھی شامل
وزارت خزانہ کے مطابق 7 فیصد اضافہ ان سرکاری ملازمین کو بھی دیا جائے گا جو یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہوں گے،دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی 2022 کو دیا گیا 15 فیصد پنشن اضافہ اور 7 جولائی 2025 کو منظور کیا گیا 7 فیصد اضافہ بھی نئے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے لیے بدستور قابلِ اطلاق رہے گا۔
آفس میمورینڈم کے مطابق پنشن میں یہ اضافہ فیملی پنشن، پنشن کم گریجویٹی اسکیم 1954، لبرلائزڈ پنشن رولز 1977، سنٹرل سول سروسز (ایکسٹرا آرڈینری پنشن) رولز کے تحت منظور شدہ پنشن اور کمپیشنٹ الاؤنس پر بھی لاگو ہوگا۔
مشترکہ پنشن کی صورت میں
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسری حکومت کے درمیان قواعد کے مطابق مشترکہ بنیاد پر کی جا رہی ہو تو اضافے کی رقم بھی مقررہ تناسب کے مطابق دونوں حکومتوں کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔
کن مراعات پر لاگو نہیں ہوگا؟
نوٹیفکیشن کے مطابق 7 فیصد اضافے کا اطلاق پری ریٹائرمنٹ آرڈرلی الاؤنس کے بدلے دی جانے والی اسپیشل ایڈیشنل پنشن اور ڈرائیور یا آرڈرلی کی مونیٹائزڈ ویلیو پر نہیں ہوگا۔