پاکستانی ٹی وی میزبان، اداکارہ اور سوشل میڈیا شخصیت متھیرا نے پہلی بار اپنی عمر، بڑھتی عمر کے بارے میں اپنے خیالات اور کاسمیٹک ٹریٹمنٹس سے متعلق کھل کر گفتگو کی ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے متھیرا نے بتایا کہ ان کی عمر 34 سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں ہر بات ایمانداری سے کرنا پسند کرتی ہیں، اسی لیے انہیں اپنی عمر چھپانے کی کبھی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
متھیرا کے مطابق وہ آج بھی خود کو ایک پراعتماد خاتون سمجھتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ عمر بڑھنا زندگی کا ایک فطری عمل ہے، جسے خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے کیونکہ کوئی بھی ہمیشہ جوان نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شہرت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی اور انہیں بھی کسی نے انڈسٹری میں متعارف نہیں کرایا بلکہ انہوں نے اپنی محنت سے اپنی پہچان بنائی۔ ان کے بقول اسی اعتماد کی وجہ سے انہیں نہ مستقبل کی فکر ہے اور نہ ہی بڑھتی عمر کا خوف۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ ایک عوامی شخصیت ہیں، لیکن اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ ذاتی رکھنا پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وزن یا ظاہری شکل سے متعلق ہونے والی تنقید ان پر اثر انداز نہیں ہوتی۔
پوڈکاسٹ کے دوران متھیرا نے کاسمیٹک ٹریٹمنٹس سے متعلق بھی اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک حادثے میں ناک کی ہڈی متاثر ہونے کے بعد انہوں نے ترکی میں ناک کی سرجری کرائی۔ اس کے علاوہ وہ وقتاً فوقتاً معمولی مقدار میں فلرز اور بوٹوکس بھی استعمال کراتی ہیں۔
متھیرا نے کہا کہ وہ اپنی شخصیت اور زندگی کے ہر مرحلے پر پراعتماد ہیں اور عمر کو چھپانے کے بجائے اسے حقیقت کے طور پر قبول کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔