سام سنگ کے فلیگ شپ فونز میں بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا

سام سنگ کے فلیگ شپ فونز میں بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا

جولائی 2026 کی سیکیورٹی اپ ڈیٹ کے بعد سام سنگ کے بعض فلیگ شپ فونز میں بیٹری تیزی سے ختم ہونے اور اوور ہیٹنگ کی شکایات سامنے آ گئی ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ اپ ڈیٹ کے فوراً بعد بیٹری بیک اپ نمایاں طور پر کم ہو گیا، جبکہ فون غیر معمولی حد تک گرم ہونے لگے۔

اب تک کمپنی نے اس مسئلے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، جبکہ تمام ڈیوائسز اس سے متاثر نہیں ہوئیں۔

سام سنگ کے بعض فلیگ شپ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین نے جولائی 2026 کی سیکیورٹی اپ ڈیٹ کے بعد بیٹری کی غیر معمولی خرابی، تیزی سے چارج ختم ہونے اور فون گرم ہونے کی شکایات رپورٹ کی ہیں۔

صارفین کی جانب سے کمپنی کے کمیونٹی فورم پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق مسئلہ اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے فوراً بعد سامنے آیا، تاہم تمام ڈیوائسز اس خرابی سے متاثر نہیں ہوئیں۔

اب تک سام سنگ کی جانب سے اس مسئلے کی سرکاری سطح پر تصدیق یا وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

بیٹری غیر استعمال کے دوران بھی تیزی سے ختم

متاثرہ صارفین کے مطابق مسئلہ صرف فون استعمال کرنے کے دوران نہیں بلکہ اس وقت بھی سامنے آ رہا ہے جب ڈیوائس استعمال نہیں کی جا رہی۔

یہ بھی پڑھیں:سام سنگ موبائل صارفین کے لیے خوشخبری، گلیکسی S26 الٹرا کا ڈائزین اور لانچنگ تاریخ سامنے آگئی

ایک صارف نے بتایا کہ اس کے فون کی بیٹری رات تقریباً 85 فیصد تھی، لیکن دوپہر تک صرف 5 فیصد رہ گئی، حالانکہ اس دوران اس نے صرف تقریباً 2 گھنٹے اسکرین استعمال کی۔

اسی صارف کے مطابق فون بغیر استعمال کے بھی ہر گھنٹے میں تقریباً 5 سے 7 فیصد بیٹری کھو رہا تھا، جو معمول سے کہیں زیادہ ہے۔

اوور ہیٹنگ کی شکایات بھی سامنے آگئیں

متعدد صارفین نے یہ بھی بتایا کہ بیٹری تیزی سے ختم ہونے کے ساتھ ساتھ فون غیر معمولی حد تک گرم ہونے لگا۔

کئی افراد کے مطابق اپ ڈیٹ سے پہلے انہی فونز کی بیٹری پورا دن آرام سے چلتی تھی، مگر اپ ڈیٹ کے بعد ایک ہی طرز کے استعمال کے باوجود بیٹری نمایاں طور پر کم وقت میں ختم ہونے لگی۔

کن فونز کے صارفین نے شکایات کیں؟

رپورٹس کے مطابق شکایات زیادہ تر ان ماڈلز کے صارفین نے کی ہیں، گلیکسی ایس 25 الٹرا، گلیکسی ایس 24 الٹرا، گلیکسی ایس 24 پلس میں آ رہی ہے۔

بعض صارفین نے سست چارجنگ کی شکایت بھی کی، تاہم اس مسئلے کی شدت ہر فون میں یکساں نہیں دیکھی گئی۔

صارفین نے کیا اقدامات کیے؟

متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے عام خرابی دور کرنے کے متعدد طریقے آزمائے، جن میں فون ری اسٹارٹ کرنا، کیش صاف کرنا، غیر ضروری ایپس بند کرنا، بیٹری آپٹیمائزیشن چیک کرنا شامل ہیں، لیکن اس کے باوجود مسئلہ برقرار رہا۔

متعدد صارفین نے کمپنی کو تشخیصی لاگز اور دیگر تکنیکی معلومات بھی بھیج دی ہیں تاکہ خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

تمام فون متاثر نہیں

دوسری جانب کچھ صارفین نے بتایا کہ جولائی اپ ڈیٹ کے بعد بھی ان کے فونز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور بیٹری بیک اپ میں کوئی واضح فرق نہیں آیا۔

مزید پڑھیں:سام سنگ گلیکسی زی فلپ 8 موبائل، پہلے سے زیادہ ہلکا، نئے زبردست فیچرز کے ساتھ لانچ

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مسئلہ مخصوص ڈیوائسز، مخصوص سافٹ ویئر کنفیگریشن یا بعض ایپس کے امتزاج تک محدود ہو سکتا ہے، نہ کہ تمام فونز میں موجود ہو۔

سام سنگ کا مؤقف

اب تک سام سنگ نے نہ تو اس خرابی کی باضابطہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ اس کی وجہ کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ابھی تک کسی نئے سافٹ ویئر پیچ یا ہنگامی اپ ڈیٹ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔

پہلے بھی چارجنگ کا مسئلہ سامنے آیا تھا

یہ پہلا موقع نہیں جب سام سنگ کے فلیگ شپ فونز کو سافٹ ویئر سے متعلق مسئلے کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

اس سے قبل گلیکسی ایس 25 پلس اور گلیکسی ایس 25 الٹرا کے بعض صارفین نے 45 واٹ چارجر اور 5 ایمپیئر کیبل استعمال کرتے ہوئے سست چارجنگ، چارج نہ ہونے یا کیبل ہٹانے کے بعد بھی چارجنگ کا نشان ظاہر ہونے کی شکایت کی تھی۔ بعد ازاں سام سنگ نے اس مسئلے کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسمارٹ فون کمپنیوں کی جانب سے باقاعدگی سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کی جاتی ہیں تاکہ حفاظتی خامیاں دور کی جا سکیں، نظام کو مزید محفوظ بنایا جا سکے اور نئی خصوصیات شامل کی جا سکیں۔

تاہم بعض اوقات اپ ڈیٹس کے بعد سافٹ ویئر اور ہارڈویئر کے درمیان مطابقت کے مسائل سامنے آ جاتے ہیں، جن کے نتیجے میں بیٹری، کارکردگی، درجہ حرارت یا چارجنگ سے متعلق عارضی خرابیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سام سنگ ، S22 ، S23 سیریز کے موبائل فون سستے ہونے کا امکان

ایسی صورت حال میں کمپنیاں عام طور پر صارفین کی رپورٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد اضافی اپ ڈیٹس جاری کرتی ہیں۔

اگرچہ فی الحال یہ مسئلہ تمام صارفین کو متاثر نہیں کر رہا، تاہم یہ شکایات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ جولائی کی سیکیورٹی اپ ڈیٹ بعض مخصوص ڈیوائسز یا سافٹ ویئر کنفیگریشنز کے ساتھ مطابقت کے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

بیٹری کی تیز کھپت اور اوور ہیٹنگ نہ صرف صارف کے تجربے کو متاثر کرتی ہے بلکہ مسلسل زیادہ درجہ حرارت طویل مدت میں بیٹری کی صحت اور فون کی مجموعی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

سام سنگ کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ جلد از جلد صارفین کی رپورٹس کا تجزیہ کرے اور اگر خرابی کی تصدیق ہو جائے تو فوری سافٹ ویئر پیچ جاری کرے، کیونکہ فلیگ شپ ڈیوائسز خریدنے والے صارفین بہتر بیٹری کارکردگی اور قابل اعتماد سافٹ ویئر کی توقع رکھتے ہیں۔

دوسری جانب صارفین کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ کمپنی کی جانب سے سرکاری وضاحت یا نئی اپ ڈیٹ آنے تک غیر ضروری بیک گراؤنڈ ایپس محدود رکھیں، بیٹری استعمال کی رپورٹ چیک کریں اور کسی بھی غیر معمولی خرابی کی صورت میں تشخیصی رپورٹ کمپنی کو بھیجیں۔

Related Articles