’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ سکیم کے لئے درخواستیں دینے والوں کے لئے اہم خبر

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘  سکیم کے لئے درخواستیں دینے والوں کے لئے اہم خبر

پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کے تحت مستحق خاندانوں کو رہائش کی فراہمی کا عمل جاری ہے، جبکہ محکمہ ہاؤسنگ نے منصوبے کی تازہ پیش رفت سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبے کے تحت اب تک مجموعی طور پر 231 ارب روپے سے زائد کے ہاؤسنگ قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جن کی بدولت ایک لاکھ 8 ہزار 977 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 26 ہزار 128 گھروں کی تعمیر مختلف مراحل میں جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ’’ اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 14 لاکھ 26 ہزار 556 درخواستیں موصول ہوئیں، جو اس منصوبے میں عوام کی بھرپور دلچسپی کی عکاسی کرتی ہیں۔

محکمہ ہاؤسنگ نے بتایا کہ مزید 7 ہزار 740 ہاؤسنگ قرضے جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جن کے لیے 14 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی سے ترقی یا بے روزگاری؟ ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے اہم پیش گوئی کر دی

حکام کے مطابق قرضوں کی فراہمی کا پورا نظام شفاف، آسان اور ڈیجیٹل بنایا گیا ہے تاکہ مستحق افراد کو بغیر کسی رکاوٹ کے مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ جدید نظام کے تحت درخواستوں کی جانچ، منظوری اور قرضوں کی تقسیم کا عمل مسلسل جاری ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو باوقار رہائش کی سہولت فراہم کرنے اور کم آمدن والے خاندانوں کو ذاتی گھر کی ملکیت دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد کم آمدن والے خاندانوں کو ذاتی رہائش فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں رہائشی ترقی کے عمل کو مزید فروغ دینا ہے۔

Related Articles