پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 333 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 6 اگست سے ہوگا۔
یہ مسلسل تین مرتبہ کمی کے بعد پہلا موقع ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس پالیسی کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرتی ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو آخری اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
اس سے قبل 31 جولائی، 3 اگست اور 4 اگست کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔