نامور کرکٹر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپےکا جرمانہ عائد

نامور کرکٹر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپےکا جرمانہ عائد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر ویزا درخواست کے دوران مبینہ طور پر غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے کے معاملے میں دو سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر دو سال کے لیے پابندی لگائی گئی ہے۔

بورڈ کے مطابق یہ تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی، جس میں ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن معلومات جمع کرائیں اور درخواست سے متعلق اہم حقائق کو بھی مخفی رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

بیان میں مزید کہا گیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لیا۔ اس دوران حمزہ نذر کو بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے جیسے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔ بورڈ کے مطابق کسی بھی فرد کو پی سی بی، پاکستان کرکٹ اور شائقینِ کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles