اسلام آباد ہائی کورٹ نے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے جوڈیشل اور ہائی کورٹ افسران کے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ منظوری چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر دی گئی، جس کے بعد رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے نئے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنسز کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران کے لیے نئے الاؤنسز مقرر کیے گئے ہیں، جن کی ادائیگی مالی سال 2026-27 کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری اسلام آباد کے مختص بجٹ سے کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ 22 کے افسران کو ماہانہ 2 لاکھ 50 ہزار روپے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ گریڈ 21 کے افسران 1 لاکھ 95 ہزار روپے ماہانہ وصول کریں گے۔
اسی طرح گریڈ 20 کے افسران کے لیے ماہانہ الاؤنس 1 لاکھ 75 ہزار روپے، گریڈ 19 کے لیے 1 لاکھ 50 ہزار روپے، گریڈ 18 کے لیے 1 لاکھ روپے اور گریڈ 17 کے افسران کے لیے 60 ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے الاؤنسز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے مؤثر ہوگا اور تمام ادائیگیاں متعلقہ اداروں کے منظور شدہ بجٹ سے کی جائیں گی۔