سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں کاروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں کاروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 5 اور 6 اگست 2026 کو ’’ردالفساد 3‘‘ کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے میں کی گئیں، جن کا مقصد ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کی اطلاع ملی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے مؤثر انداز میں انہیں نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: آواران میں مقامی افراد نے ٹھیکیدار کو اغوا کی کوشش ناکام بنادی،کالعدم بی ایل اے کمانڈر ہلاک

ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے نتیجے میں مزید 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

Related Articles