پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے نقد انعامات میں اضافے کا اعلان کر دیا، اب پوزیشن ہولڈرز کو 20 ہزار روپے کے بجائے ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بٹن دبا کر پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج آن لائن جاری کیے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ رواں سال پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے نتائج ایک ہی وقت میں جاری کیے گئے ہیں، جبکہ شفاف نتائج کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق یقینی بنائی گئی ہے۔
پوزیشن ہولڈرز کے لیے بڑا اعلان
رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے نقد انعامات میں اضافہ کیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ پوزیشن ہولڈرز کو اب ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ کامیاب طلبہ کو نقد انعام کے ساتھ لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلی بار میٹرک نتائج کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے،طلبہ اب روایتی ہارڈ کاپی کے بجائے آن لائن تصدیق شدہ رزلٹ کارڈ حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نجی اسکولوں کے طلبہ اپنے اداروں کے آن لائن پورٹل سے بھی رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، جبکہ ان رزلٹ کارڈز کی الگ سے تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اے آئی چیٹ بوٹ متعارف
رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبہ کی سہولت کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے طلبہ فوری طور پر ضروری معلومات حاصل کر سکیں گے۔
امتحانی نظام میں مزید اصلاحات
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ حکومت تمام تعلیمی بورڈز کو تیزی سے ڈیجیٹل نظام کی طرف لے جا رہی ہے، آئندہ سال امتحانی پرچوں کی جانچ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مکمل اسکرین مارکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی سطح پر پیپر چیکنگ کے نظام کو مزید شفاف بنایا جائے گا، جبکہ مستقبل میں طلبہ کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنے امتحانی پرچے خود بھی دوبارہ چیک کر سکیں گے۔
نقل مافیا کے خلاف اقدامات
وزیر تعلیم نے دعویٰ کیا کہ رواں سال امتحانی مراکز کی فروخت سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جبکہ صوبے بھر میں نقل مافیا کا 95 فیصد تک خاتمہ کر دیا گیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری جامعات میں طلبہ کے داخلوں کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔