وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات جاری ہے، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی تعاون، علاقائی امن اور مشترکہ مفادات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے بعد تینوں ممالک کے سربراہان پر مشتمل سہ ملکی اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے۔
مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر تینوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کا سہ ملکی سربراہی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
ترک صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران کے مطابق دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال، اقتصادی تعاون، دفاعی روابط اور علاقائی استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر عطا تارڑ اور دیگر وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔ وفد نے عمرے سے قبل خانہ کعبہ کی زیارت کی سعادت بھی حاصل کی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں جدہ آمد پر نائب گورنر جدہ شہزادہ سعود بن مشال نے ان کا استقبال کیا تھا۔