بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انتقال کرگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانسٹیبل گنیش رائٹے جمعے کی شام سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ شام تقریباً 6 بجے اس نے ساتھی اہلکاروں کو طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے گنیش رائٹے کو مردہ قرار دے دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ کانسٹیبل کو ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑا، تاہم موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ طبی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کی تصدیق ہوسکے گی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سلمان خان کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ 2024 میں اداکار کے قریبی دوست اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیق کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا کر ’وائی پلس‘ کردی گئی تھی۔
سلمان خان کو گزشتہ کئی برسوں سے دھمکیاں بھی موصول ہوتی رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکیاں کالے ہرن کے شکار کے پرانے مقدمے کے تناظر میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دی جاتی رہی ہیں۔ بابا صدیق کے قتل کی ذمہ داری بھی لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ افراد کی جانب سے قبول کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
سلمان خان کی رہائش گاہ اس سے قبل بھی فائرنگ کا نشانہ بن چکی ہے۔ اپریل 2024 میں موٹر سائیکل سوار دو افراد نے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کی تھی۔ بعد ازاں پولیس تحقیقات میں اس واقعے کو لارنس بشنوئی کے نیٹ ورک سے جوڑے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔