پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منتظر عوام کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق 11 اگست 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
پیٹرول 327 روپے 62 پیسے پر برقرار
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت 327 روپے 62 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی،اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی تبدیل نہیں کی گئی اور یہ 380 روپے 86 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی سے متعلق حتمی اعلان معمول کے مطابق رات گئے کیا جاتا ہے۔ تاہم جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 11 اگست کے لیے موجودہ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم حکومت کے فیصلے کے بعد صارفین کو فوری ریلیف نہیں مل سکے گا۔
واضح رہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔