گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق وزیر تعلیم کا نیا بیان آ گیا

گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق وزیر تعلیم کا نیا بیان آ گیا

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ کی واپسی سے قبل کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدانوں اور دیگر مقامات کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے۔ اسکولوں میں صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے ساتھ پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اور جراثیم کشی بھی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

مون سون کے موسم کے پیش نظر اسکولوں میں نکاسی آب کے نظام کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو۔ وزیر تعلیم نے ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ اسکولوں میں موجود ایسے مقامات جہاں پانی جمع ہونے کا امکان ہو، ان کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور صفائی کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے طلبہ کو محفوظ رکھا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے بڑا جھٹکا ، ایک دن باقی

وزیر تعلیم نے زیر تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو بھی طلبہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ایسے مقامات کے گرد مناسب رکاوٹیں لگانے اور تعمیراتی سامان کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تمام اسکولوں میں پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کا مکمل معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد کسی بھی ممکنہ برقی حادثے سے بچا جاسکے۔

سکولوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سیکیورٹی آلات کو اسکول کھلنے سے قبل مکمل طور پر فعال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گیس کا بل اچانک زیادہ کیوں آیا ؟ اصل وجہ سامنے آگئی

صوبائی وزیر تعلیم نے اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ 24 اگست سے قبل اپنے اپنے اداروں کا حتمی معائنہ کریں اور صفائی سیکیورٹی، بجلی، پانی، نکاسی آب اور دیگر ضروری انتظامات میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسکول کھولنے سے قبل جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد میں غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق 24 اگست سے تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز سے قبل تمام اسکول انتظامیہ کو طلبہ کے لیے صاف، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول یقینی بنانا ہوگا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles