وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور دنیا کے صفِ اول ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو سائبر سیکیورٹی سے متاثر نہ ہو۔
ایئر یونیورسٹی میں سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ سائبر حملوں اور آن لائن فراڈ کے خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے وائس اور ویڈیو کلوننگ جیسے نئے خطرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی اور نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کے قیام پر اربوں روپے خرچ کیے ہیں۔ حکومت اب دیگر جامعات میں بھی سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹرز قائم کرنے کی خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق حکومت ڈیجیٹل نیشن ایکٹ منظور کرنے کے بعد ڈیجیٹل گورننس کے نظام پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے تحت سرکاری امور کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
شزہ فاطمہ نے دعویٰ کیا کہ چند ماہ کے دوران حکومت کی 3.7 ارب روپے کی ادائیگیوں میں سے 92 فیصد ڈیجیٹل طریقے سے کی گئیں، جبکہ شہریوں کے ڈیٹا کا قومی رجسٹری نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی پر کام شروع کرنا ضروری ہے۔ حکومت تمام اداروں میں انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ سائبر خطرات بھی پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں، اس لیے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہونے والے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اور عوام میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔