گزشتہ 18 برسوں سے سندھ پر بلاشرکتِ غیرے حکمرانی کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 23 نومبر 2026ء کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں “سندھ یوتھ کارڈ” کے افتتاح کو سیاسی مبصرین، معاشی ماہرین اور بے روزگار نوجوانوں نے ایک اور “سیاسی لالی پاپ” اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش قرار دے دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جس صوبے میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی کے دوران سرکاری نوکریاں مبینہ طور پر بولی لگا کر بیچی گئیں، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے شہری نوجوانوں کا حق مارا گیا اور 74 لاکھ سے زائد معصوم بچے اسکولوں سے باہر کر دیے گئے، وہاں اب نئے صوبوں کی عوامی تحریک سے توجہ ہٹانے اور نوجوانوں کا بڑھتا ہوا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے محض ایک لاکھ نوجوانوں کو ویزا ڈیبٹ کارڈ تھمانے کا نیا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔
سرکاری سروے رپورٹس، پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (PBS) کے لیبر فورس سروے اور تعلیمی دستاویزات کے ہوشربا اعداد و شمار کے اس دعوے کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو معاشی دھارے میں شامل کر رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں نوجوانوں (15 سے 24 سال) میں بے روزگاری کی شرح 12.5 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی اور حیدرآباد میں پڑھے لکھے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 17 سے 18 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
سندھ کی ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد آبادی کا تقریباً 60 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن میں سے کروڑوں نوجوان روزگار کے مواقع نہ ہونے، بند ہوتی صنعتوں اور تباہ حال انفراسٹرکچر کے باعث شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہیں۔ ایسے میں صوبے کے تمام 30 اضلاع میں سے پہلے مرحلے میں محض ایک لاکھ نوجوانوں کو “سندھ یوتھ کارڈ” جاری کرنے کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔
تعلیمی میدان میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ کارکردگی اس سے بھی زیادہ شرمناک تصویر پیش کرتی ہے۔ حالیہ سرکاری رپورٹس اور تعلیمی سروے اس تلخ حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ سالانہ کھربوں روپے کا بجٹ مختص کرنے کے باوجود آج بھی سندھ کے 74 لاکھ سے زائد بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں، 1 ہزار 459 سے زائد ‘گھوسٹ اسکول’ صرف کاغذوں میں چل رہے ہیں اور 5 ہزار 922 سرکاری اسکول پینے کے صاف پانی، بجلی، بیت الخلا اور چار دیواری جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔
ناقدین کا سوال ہے کہ جس صوبے کے 74 لاکھ بچوں کے ہاتھ میں کتاب اور قلم دینے کے بجائے انہیں ان پڑھ رکھا گیا ہو، اور جو نوجوان ڈگریاں لے کر نکلے انہیں جعلی ڈومیسائل، اقربا پروری اور رشوت کے بازار میں دھکیل دیا گیا ہو، وہاں ریسٹورنٹس اور جم میں رعایت دینے والا ایک پلاسٹک کا ویزا کارڈ کس طرح نوجوانوں کا مستقبل سنوار سکتا ہے؟
سیاسی و معاشی مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 18 برسوں میں این ایف سی ایوارڈ، وفاقی گرانٹس اور قدرتی وسائل کی رائلٹی کی مد میں سندھ حکومت کو 25 ہزار ارب روپے (تقریباً 145 ارب ڈالر) سے زائد کی خطیر رقوم ملیں، مگر یہ پیسہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے نئی یونیورسٹیاں، آئی ٹی پارکس، جدید ہنر مندی کے مراکز اور روزگار پیدا کرنے کے بجائے آڈیٹر جنرل کی رپورٹس کے مطابق سالانہ 836 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور کمیشن مافیا کی نذر ہوتا رہا۔
عوامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے روزگار اسکیموں اور کارڈز کے نام پر صرف اپنے جیالوں اور من پسند افراد کو نوازا، اور اب جب سندھ میں نئے انتظامی یونٹس اور ریفرنڈم کی آواز زور پکڑ رہی ہے تو بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کو بہلانے کے لیے “یوتھ کارڈ” کا پرانا سیاسی حربہ آزمایا ہے، تاہم سندھ کا باشعور نوجوان اب جھوٹے دعووں اور پلاسٹک کارڈز کے جھانسے میں آنے والا نہیں