پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سال 2026 کے دوسرے سپر مون کا دلکش نظارہ کیا جا رہا ہے، جہاں آسمان پر چمکتا بڑا چاند لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق چاند زمین کے قریب آنے کے باعث معمول سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے رہا ہے، جس سے رات کے آسمان کا منظر مزید خوبصورت ہوگیا ہے۔
نومبر کے مکمل چاند کو روایتی طور پر ’بیور مون‘ (Beaver Moon) کہا جاتا ہے۔ رواں سال کا پہلا سپر مون جنوری میں دیکھا گیا تھا، جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون 23 اور 24 دسمبر کو نظر آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ پر مشکوک فائل کھولنا پڑ سکتا ہے مہنگا، سائبر سکیورٹی ٹیم نے خبردار کردیا
پاکستان کے علاوہ امریکا، یورپ، چین اور دیگر ممالک میں بھی شہری اس قدرتی نظارے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ دبئی میں برج خلیفہ کے عقب میں طلوع ہوتا سپر مون جبکہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک مسافر طیارے کے پس منظر میں چمکتا چاند بھی خوب توجہ حاصل کر رہا ہے۔

سپر مون عام چاند سے کتنا بڑا ہوتا ہے؟
ماہرین کے مطابق سپر مون اس وقت دکھائی دیتا ہے جب مکمل چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین مقام پر پہنچ جاتا ہے۔ اس دوران چاند عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے سکتا ہے۔
نومبر کے چاند کو بیور مون کیوں کہا جاتا ہے؟
نومبر کے مکمل چاند کو بیور مون کہنے کے پیچھے ایک دلچسپ روایت موجود ہے۔ سردیوں کی آمد سے پہلے بیور نامی آبی جانور اپنے گھروں کی مرمت کرتے اور خوراک جمع کرنا شروع کردیتے ہیں تاکہ شدید سردی کے موسم میں محفوظ رہ سکیں۔



