سپریم لیڈر سے 7 سے 8 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، مکمل طور پر صحت مند ہیں ، ایرانی صدر

سپریم لیڈر سے 7 سے 8 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، مکمل طور پر صحت مند ہیں ، ایرانی صدر

 آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

ایرانی صدر نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق مسعود پزیشکیان نے بتایا کہ ان کی حال ہی میں سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے انتہائی اچھی ملاقات ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 7 سے 8 گھنٹے تک گفتگو ہوئی۔

 یہ بھی پڑھیں :استعفے کی افواہیں بے بنیاد، عہدے پر برقرار رہوں گا: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر نےکہا ک جو شخص مسلسل کئی گھنٹے بیٹھ کر گفتگو کرسکتا ہو اسے صحت کے مسائل لاحق ہونے کی باتیں درست نہیں ہوسکتیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای رواں سال مارچ میں اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی جگہ ایران کے سپریم لیڈر کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔ تاہم منصب سنبھالنے کے بعد سے ان کی عوامی سطح پر موجودگی انتہائی محدود رہی ہے، جس کے باعث ان کی صحت اور سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان اس سے قبل بھی یہ بیان دے چکے ہیں کہ موجودہ حالات میں سپریم لیڈر سے بالمشافہ ملاقات کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ تاہم اب ان کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای سے طویل ملاقات کی تصدیق نے ان قیاس آرائیوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

دوسری جانب دو روز قبل ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نیوز کی جانب سے بھی مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس میں وہ ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

ویڈیو میں ایرانی سپریم لیڈر بظاہر صحت مند دکھائی دے رہے تھے تاہم ویڈیو کی تاریخ اور مقام واضح نہ ہونے کے باعث سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع ابلاغ میں ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں جاری رہیں۔

یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت تشویش ناک ہے اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر کا دشمن کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا عزم، عوام کو ثابت قدم رہنے کی تلقین

ایرانی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کیا تھا اور اب ایرانی صدر کے تازہ بیان کے بعد تہران کی جانب سے سپریم لیڈر کی صحت سے متعلق افواہوں کو ایک مرتبہ پھر واضح طور پر رد کردیا گیا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں سیاسی و عسکری صورتحال انتہائی حساس مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

ایرانی صدر کے مطابق سپریم لیڈر کے ساتھ طویل ملاقات ہوئی اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں، تاہم ایران کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کی موجودہ سرگرمیوں اور ملاقاتوں کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

editor

Related Articles