پاکستانی کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، آئی سی سی نے تازہ ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے۔
تازہ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور ٹیسٹ بلے بازوں میں پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے بابر اعظم پانچ درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے تقریباً دو سال بعد ٹیسٹ بلے بازوں کی ٹاپ 10 فہرست میں واپس آگئے، پاکستانی اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے بھی غیر معمولی بہتری دکھائی ہے اور 25 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر 32ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے بلے باز سعود شکیل کی رینکنگ میں 2 درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ 26ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک درجے تنزلی کے بعد 27ویں نمبر پر چلے گئے ، پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان شان مسعود 3 درجے تنزلی کے بعد 39 اور سلمان علی آغا 6 درجے تنزلی کے بعد 38 نمبر پر چلے گئے۔
ٹیسٹ باولرز کی رینکنگ
آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپرت بمرا کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل سٹارک تیسرے نمبر پر ہیں۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی 28 ویں نمبر پر ہیں جبکہ ساجد خان 5 درجے ترقی کے بعد 30 ویں نمبر پر پہنچ گئے، فہرست میں خرم شہزاد بھی ایک درجے ترقی کی بدولت 51 ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔
ٹیسٹ آل راونڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں ۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی بیٹرز کی ترقی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، پاکستانی ٹیم کے لیے اب اصل چیلنج اس کارکردگی کو برقرار رکھنا ہوگا۔