بالی ووڈ اور علاقائی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، اداکارہ کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے پر مداحوں اور شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور صدمے کی کیفیت پیدا ہوگئی۔
خاندانی بیان کے مطابق اننیا راج 15 جولائی 2026 کو رات گئے نیند کے دوران انتقال کر گئی تھیں تاہم اہل خانہ نے یہ افسوسناک خبر کئی ہفتوں بعد سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
اننیا راج کی موت کی خبر فوری طور پر منظرعام پر نہ آنے نے بھی مداحوں کو حیران کردیا،اہلخانہ نے جولائی میں اداکارہ کے انتقال کے باوجود خاموشی اختیار کی اور تقریباً ایک ماہ بعد 16 اگست کو سوشل میڈیا کے ذریعے باضابطہ طور پر ان کی موت کی اطلاع دی۔
خاندان کا کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے انتہائی مشکل اور تکلیف دہ وقت ہے، اس لیے مداحوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان کی نجی زندگی کا احترام کریں اور سوگ کے دوران اہلخانہ کو سکون اور تنہائی فراہم کریں۔
آخری سوشل میڈیا پوسٹ
اننیا راج کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ 17 مئی 2026 کو سامنے آئی تھی، جس میں شوٹ کے دوران بنائی گئی ایک تصویر شیئر کی گئی تھی، پوسٹ کے ساتھ اداکارہ نے امید سے بھرپور کیپشن بھی لکھا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ بلیک اینڈ وائٹ لمحہ ہے اور اب چمکنے کا وقت ہے۔
2016 میں فلمی سفر شروع کیا
اداکارہ نے 2016 میں فلم 7 آورز ٹو گو سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا بعد ازاں انہوں نےدی فائنل ایگزٹ اورگوسٹ سمیت مختلف فلموں میں اداکاری کی،اننیا راج نے فلموں کے علاوہ متعدد میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا اور ٹی سیریز، زی میوزک اور ٹائمز میوزک جیسے معروف میوزک لیبلز کے منصوبوں کا حصہ رہیں۔
علاقائی فلموں میں بھی کام کیا
اداکارہ نے علاقائی سینما میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور تھگدے لے اور مدراسی گینگ جیسی فلموں میں نظر آئیں،ان کی کم عمری میں اچانک موت نے شوبز انڈسٹری میں ایک خلا پیدا کردیا ہے، جبکہ مداح سوشل میڈیا پر اداکارہ کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔