پنجاب حکومت نے نوجوانوں اور ہنر سیکھنے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑا موقع فراہم کردیا ہے، جس کے تحت ہنرمند پنجاب ایڈوانسڈ آئی ٹی اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ پروگرام جاری ہے۔
اس پوگرام میں پاکستانی شہری 15 سے 50 سال کی عمر تک درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ امیدوار کے لیے کم از کم میٹرک پاس ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل اور فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے 30 سے زائد شعبوں میں تربیت دی جائے گی ، ان میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، فری لانسنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ایپ ڈویلپمنٹ اور یوٹیوب مونیٹائزیشن سمیت دیگر اہم کورسز شامل ہیں۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں صرف تربیت ہی نہیں دی جائے گی بلکہ امیدواروں کی کارکردگی اور حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر مختلف سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ، پروگرام کے حتمی جائزے یا ٹیسٹ میں کم از کم 85 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
85 فیصد سے زیادہ نمبر لینے والوں کیلئے بڑی سہولیات
اس پروگرام کے تحت میرٹ پر مختلف نمبروں کے حساب سے مراعات رکھی گئی ہیں جس میں 85 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدوار فیس ری ایمبرسمنٹ کے لیے اہل ہوسکتے ہیں، جبکہ 86 سے 88 فیصد نمبر لینے والوں کے لیے سولر پینل کی سہولت رکھی گئی ہے۔
اسی طرح 89 سے 91 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو کروم بک، جبکہ 92 سے 94 فیصد نمبر لینے والوں کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی سہولت شامل ہے۔
سب سے زیادہ نمبرز حاصل کرنے والوں کے لیے بھی بڑا فائدہ رکھا گیا ہے یعنی 95 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر لینے والے امیدواروں کو الیکٹرک بائیک دیے جانے کی سہولت پروگرام کا حصہ ہے۔
کون کون سے کورسز کیے جاسکتے ہیں؟
ہنرمند پنجاب پروگرام میں نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق مختلف مہارتیں سکھائی جائیں گی ، دستیاب کورسز میں ایمیزون ورچوئل اسسٹنٹ، شاپی فائی اور دراز پر آن لائن کاروبار، ورڈپریس ویب سائٹ ڈویلپمنٹ، ری ایکٹ، نوڈ جے ایس، MERN اسٹیک، پی ایچ پی لیراویل، پائتھن پروگرامنگ، مشین لرننگ اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گوگل ایڈز، آئی ای ایل ٹی ایس کی تیاری، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ڈیجیٹل کڑھائی اور سائبر سکیورٹی میں پینیٹریشن ٹیسٹنگ جیسے کورسز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔
پنجاب سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے موقع
پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 50 ہزار سکالرشپ کارڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 25 ہزار پنجاب کے نوجوانوں کے لیے جبکہ باقی 25 ہزار آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے نوجوانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
پروگرام میں درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، جدید ہنر سیکھ کر روزگار، فری لانسنگ یا آن لائن کاروبار کی جانب جانے کے خواہشمند افراد کے لیے یہ پروگرام ایک اہم موقع قرار دیا جارہا ہے۔