پنجاب میں 4 نئے اضلاع بنانےکا نوٹیفکیشن؟ حقیقت سامنے آگئی

پنجاب میں 4 نئے اضلاع بنانےکا نوٹیفکیشن؟ حقیقت سامنے آگئی

سوشل میڈیا پر پنجاب میں پتوکی، دیپالپور، حاصل پور اور ہارون آباد کو نئے اضلاع کا درجہ دینے سے متعلق وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ دستاویز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پنجاب ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے چار نئے اضلاع کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد صوبے میں اضلاع کی تعداد 41 سے بڑھ کر 45 ہو جائے گی اور فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

تاہم متعلقہ حکام نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں کوئی نیا ضلع قائم نہیں کیا گیا۔

بورڈ آف ریونیو نے نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا

بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ترجمان نے تصدیق کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویز جعلی اور من گھڑت ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت یا بورڈ آف ریونیو کی جانب سے نئے اضلاع کے قیام سے متعلق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور سے متعلق جعلی بھارتی پروپیگنڈا حقائق پر مبنی دستاویزی فلم کے ذریعے بے نقاب

جعلی نوٹیفکیشن میں ظہیر عباس ملک کو پنجاب کا چیف سیکریٹری ظاہر کیا گیا ہے، جو اس دستاویز کے جعلی ہونے کی ایک اور واضح علامت ہے۔ پنجاب کے موجودہ چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان ہیں، جو جنوری 2023 سے اس عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔

چاروں علاقوں کو ضلع بنانے کا دعویٰ غلط

حکام کی وضاحت کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پتوکی، دیپالپور، حاصل پور اور ہارون آباد کو نئے اضلاع کا درجہ دینے کا دعویٰ بے بنیاد ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویز پنجاب حکومت یا بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری نہیں کی گئی۔

حکام نے شہریوں کو ایسے غیر مصدقہ سرکاری نوٹیفکیشنز اور معلومات پر یقین کرنے کے بجائے متعلقہ سرکاری ذرائع سے تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Articles